اقوم متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب مسعودخان نے کہا ہے کہ پاکستان داعش کے نام نہاد خلافت کے دعوے کو مسترد کرتا ہے۔ مشرق وسطی میں امن کےلیے آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے
مسعود خان نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تحت مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بحث میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان داعش کی جانب سے نام نہاد خلافت کے دعوے اور دہشت گرد کارروائیوں کو مسترد کرتا ہے۔عالمی تہذیب کو بچانے کے لیے سب کومل کرداعش کوروکنا ہوگا۔ مسعود خان نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے۔ جس کا تعین 1967سے قبل کے جغرافیائی حیثیت کے مطابق ہونا چاہیے، فلسطین اوراسرائیل کے درمیان رابطوں کےفقدان سےصورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل گولان سمیت تمام عرب علاقے خالی کرے،مشرق وسطیٰ میں امن کے لیےسلامتی کونسل کے ارکان قراردار لائیں، تنازعات اورپر تشدد کارروائیوں سے بچنے کے لیے سفارتکاری کے عمل کو تیز کیا جائے۔ پاکستانی مندوب نے شام میں جنگ بندی اورسیاسی عمل کی بحالی کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں کی حمایت کی ۔