پنجاب کےمختلف علاقوں میں شدید دھند، فلائٹ آپریشن متاثر،موٹروے بند

پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند اور سردی کی شدت برقرار ، موٹروے کئی مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی جبکہ ملکی اور غیر ملکی فلائٹس کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔ تفصیلات کے مطابق صبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں دھند سے ہر منظردھندلا گیا۔ جبکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ شیخوپورہ، پنڈی بھٹیاں، چیچہ وطنی میں دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہنے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ ساہیوال، پتوکی، اوکاڑہ اور دیگر کئی علاقوں میں شدید دھند سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ موٹروے پولیس نے دھند میں شہریوں کو بغیر ضرورت سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی، ملتان سے رحیم یار خان جانے والی M-5 موٹر وے اور فیصل آباد سے کوٹ عبد الحکیم جانے والا M-4 کو حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے۔ موٹر وے سیکشن ایم ۔3 کو بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لئے جزوی طور پر بند کردیا گیا ہے جبکہ موٹر وے پولیس نے ڈرائیوروں کو دھند کی صورتحال کے دوران فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دھند کے باعث فلائٹس کا شیڈول بھی متاثر ہوا، لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہوا اور پروازوں میں تاخیر سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب ، خیبرپختونخوا ، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔