یہودیوں کے ایجنٹوں کو تسلیم کریں اور نرم رویہ رکھیں، وفد نے 2013 میں 3 مرتبہ کہا تھا: فضل الرحمان

پشاور: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ 2013 میں ایک وفد نے ہمیں تین میٹنگوں میں قائل کرنے کی کوشش کی کہ یہودیوں کے ایجنٹوں کو تسلیم کریں اور صوبائی حکومت کے ساتھ نرم رویہ رکھیں۔امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے جمعیت لائرز فورم کے زیر اہتمام منعقدہ وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا سیاست صرف اقتدار تک پہنچنے کیلئے چالاکیوں اور ہوشیاریوں کا نام ہے؟انہوں نے کہا کہ 1973 سے اب تک اسلامی نظریاتی کونسل کی ایک بھی سفارش پر عمل نہیں کیا گیا، جب تک آئین کی اساس موجود ہے ہم جدوجہد کرتے رہیں گے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 2013 میں ایک وفد نے نئی حکومت کے قیام کے بعد تین میٹنگوں میں قائل کرنے کی کوشش کی کہ صوبائی حکومت کے ساتھ نرم رویہ رکھا جائے، دنیا کی معیشت یہودیوں کے پاس ہے ان کے ایجنٹوں کو تسلیم کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور دیگر کمپینوں کے ذریعے ہماری معیشت کو کنٹرول کیا جارہا ہے۔