ترکی: باغی فوجی گروپ کی حکومت کا تختہ الٹانےکی کوشش ناکام،60 افراد جاں بحق

ترکی کے مقامی میڈیا کے مطابق ترک فوج کے ایک باغی گروپ نے ملک میں جمہوری حکومت کو ختم کرکے اقتدار پر قبضے کی کوشش کی اور اس حوالے سے ملک کا انتظام سنبھالنے کا بھی دعویٰ کیا گیا۔ترک فوج کے باغی گروپ کی جانب سے جاری بیان میں اقتدار سنبھالے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہماری کارروائی مصر کی فوجی بغاوت سے مختلف ہے، ملک میں آئینی و جمہوری انسانی حقوق کی بحالی اور جمہوری اقدار کے لیے اقتدار سنبھالا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ترکی تمام ممالک سے اپنے تعلقات جاری رکھے گا، انسانی حقوق کا احترام کیا جائے گا اور خارجہ امور سے متعلق بھی تعلقات قائم رکھیں گی جب کہ قانون کی مکمل پاسداری کی جائے گی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق فوج کے ایک مسلح باغی گروپ نے اقتدار پر قبضے کی کوشش کی جس میں کرنل رینک کے افسران شامل ہیں، اس گروپ کی جانب سے استنبول کے فوجی ہیڈ کوارٹر میں کئی رہنماؤں کو یرغمال بنایا گیا اور ترک فوج کے سربراہ جنرل حلوثی آکار سمیت دیگر جرنیلوں کو نظر بند کیا گیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق باغی فوجی گروپ کے اہلکاروں کی جانب سے ایوان صدر اور پارلیمنٹ کا محاصرہ کرلیا گیا، اتاترک ایئرپورٹ پر تمام پروازیں منسوخ کردی گئیں اور ایئرپورٹ کو بند کردیا گیا، ملک بھر کے ایئرپورٹس بند کرکے ان پر ٹینک پہنچادیئے، فوج کی بھاری نفری نے ملک کے اہم مقامات کا کنٹرول سنبھال لیا جبکہ فوجی گروپ نے ترکی کے سرکاری ٹی وی کا بھی مکمل کنٹرول حاصل کیا۔ترکی کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک میں فوجی بغاوت کے بعد مارشل لاء نافذ کرکے کرفیو لگانے کا اعلان کیا گیا ۔سرکاری میڈیا کے مطابق باغی فوجی گروپ کا کہنا تھاکہ ملک کا نیا آئین جلد تیار کرلیا جائے گا اور جب تک ملک کا نظم و نسق امن کونسل چلائے گی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترکی میں فیس بک، ٹوئٹر اور یوٹیوب سمیت سماجی رابطوں کی تمام ویب سائٹس بند کیں اور ملک میں مواصلاتی نظام مکمل طور پر بند کرتے ہوئے انٹرنیٹ کو بھی بند کردیا ۔ خبر ایجنسی کے مطابق استنبول میں پولیس ہیڈ کوارٹرز کے قریب فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں جب کہ دیگرشہروں میں فوجی طیاروں کی نچلی پروازیں بھی جاری ہیں۔ ترک دارالحکومت انقرہ میں فوج کےگن شپ ہیلی کاپٹروں نے پولیس ہیڈ کوارٹر پر دھماکے اور فائرنگ کی جس کے بعد شہر دھماکوں کی زوردار آوازوں سے گونج اٹھا۔ ترک فوج کے ایف 16 طیارے نے باغی گروپ کا گن شپ ہیلی کاپٹر مار گرایا جس کے بعد باغی ٹولے کے گن شپ ہیلی کاپٹر نے پولیس اور عوام پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ خبر ایجنسی کے مطابق انقرہ کے ایئرپورٹ میں داخل ہونے والے فوجیوں کو عوام نے باہر نکال دیا جب کہ استنبول میں پولیس ہیڈ کوارٹر میں گھسنے والے باغی اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔