این اے 245 پر سیاسی جماعتوں کے مرکزی رہنما سامنے آ گئے -
کراچی: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 کی نشست ضلع شرقی کی وہ واحد نشست ہے جہاں ایم کیو ایم کی پوزیشن اس ضلع کے دیگر حلقوں کے مقابلے میں انتہائی مضبوط دکھائی دے رہی ہے۔حلقہ 245 میں پاکستان کوارٹرز، گارڈن ویسٹ، آدم کالونی ، لسبیلہ مارکیٹ ، پٹیل پاڑہ ، جہانگیر روڈ، گرومندر اور کچھ دیگر آبادیوں کے علاوہ بیشتر علاقے ایم کیو ایم کے زیر اثر ہیں جن میں سولجر بازار، گل رانا کالونی، کے ایم سی مارکیٹ، روشن کالونی، بہادر یار جنگ روڈ، شاہنواز بھٹو کالونی، پارسی کالونی، اقبال کالونی ، پی آئی بی کالونی، غوثیہ کالونی، خداداد کالونی، ابن سینا لائن، جٹ لائن، جیکب لائن، حیدر آباد کالونی، پی ای سی ایچ ایس اور دیگر علاقوں میں ایم کیو ایم کے اکثریتی ووٹرز کے علاقوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔یہاں ڈاکٹر فاروق ستار ایم کیو ایم کے امیدوار ہیں، پی ایس پی کی طرف سے مقابلے کے لیے میدان میں ڈاکٹر صغیر کو اتارا گیا ہے جبکہ عامر لیاقت پی ٹی آئی ، فرخ نیاز تنولی پیپلز پارٹی، سیف الدین ایم ایم اے ، خواجہ طارق نذیر مسلم لیگ (ن) اور ثمینہ ہما میر عوامی نیشل پارٹی کی امیدوار ہیں ، قومی اسمبلی کے اس حلقے میں شامل سندھ اسمبلی کی دونوں نشستیں بھی ایم کیو ایم یا پی ایس پی کے لیے مضبوط تصور کی جارہی ہیں۔