پورا یقین ہے کہ ہائی کورٹ ایسی سزا کو ختم کرنے کے احکامات دے گی۔ پرویز رشید
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ انہوں نے نوازشریف مریم نواز اور محمد صفدر کی طرف سے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی ہے، انہوں نے قانونی اور آئینی حق استعمال کیا، ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے پر قانون دانوں کی جانب سے انگلیاں بھی اٹھائی گئی ہیں، کیس کے حتمی فیصلے تک احتساب عدالت کے فیصلے کو معطل کیا جائے۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو اجازت دی جائے کہ وہ جیل سے باہر آکر اپنی زندگی معمول کے مطابق گزار سکیں، جو سہولت آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو دی گئی ہے اس کی حمایت کرتے ہیں، کوئی لاڈلہ یا سوتیلا نہیں ہم سب پاکستانی ہیں، ہر ایک پر ایک ہی اصول لاگو ہونے چاہیے۔
سابق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جی آئی ٹی رپورٹ میں قیاس آرائیوں اور خیالات پر سزا دی گئی، پاکستان کے قانون دانوں اور سابق چیف جسٹس صاحبان نے فیصلے کو کمزور قرار دیا ہے، قمر الاسلام کے ساتھ نا انصافی چوہدری نثار کے حق میں ہوئی ہے۔ پورا یقین ہے کہ ہائی کورٹ ایسی سزا کو ختم کرنے کے احکامات دے گی۔