سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز نے جیل میں تین دن گزار لئے۔
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور مریم نواز نے اڈیالہ جیل میں سرگرمیاں شروع کر دیں، ذرائع کے مطابق مریم نواز نے جیل میں خواتین قیدیوں اور بچوں سے ملاقاتیں کیں، وہ خواتین قیدیوں میں کھل مل گئیں، اور بچوں کو پیار بھی کیا۔ جیل ذرائع کے مطابق نواز شریف نے جیل کے مختلف سیلز کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، جس پر جیل انتظامیہ نے انہیں اڈیالہ جیل سے متعلق تفصیلی معلومات فرہم کیں۔ میاں نواز شریف نے جیل میں قیدیوں کے لیے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، انہیں جیل میں روٹی پلانٹ اور کچن کا دورہ بھی کرایا گیا، سابق وزیراعظم نے اپنے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے بھی ملاقات کی، ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف مجموعی طور پر گیارہ سال، مریم نواز کو آٹھ سال جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ انہیں جیل میں بی کلاس کیٹگری میں رکھا گیا ہے، نیب کے دیگر دو ریفرنسز کا ٹرائل بھی جیل میں ہی ہو گا جس کیلئے اڈیالہ جیل کو احتساب عدالت کا درجہ دیا گیا ہے۔