کچھ لوگ ووٹ لینے اور اپنے ذاتی مفادات کے لئے ختم نبوت کے معاملے کو استعمال کر رہے ہیں۔ احسن اقبال
نارروال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہر کلمہ گو ختم نبوت کا سپاہی ہے، لیکن کچھ لوگ اپنے ذاتی مفادات اور ووٹ کیلئے ختم نبوت کے معاملے کو استعمال کر رہے ہیں، مسلمانوں کی تقسیم کا خطرناک منصوبہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو قوم کے دکھ کی بات کرتا ہے اور اپنے کیے گئے وعدے پورے کیے وہ مجرم ٹھہرا، نواز شریف ملک کا 3 بار وزیر اعظم رہ چکا ہے، لیکن کیا وجہ ہے کہ ستر سال میں کوئی وزیراعظم اپنی مدت پوری نہیں کرسکا، جن ملکوں میں حکومتیں اور وزرائے اعظم اپنی آئینی مدت پوری کرتے ہیں وہ ملک ترقی کرتے ہیں۔ سب جانتے ہیں نواز شریف کا مقدمہ ان کا نہیں عوام کا مقدمہ ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ 2030 تک چلے گا جس سے ملک میں صعنتی انقلاب آئے گا، ملک میں ترقی آرہی ہے اس سے غربت اور بے روزگاری ختم ہو گی۔ عمران خان کہتا ہے کہ ہمیں سڑکیں بنانے کا بہت شوق ہے، اس عقل کے اندھے کو یہ بات معلوم نہیں کہ ترقی کا پہلا زینہ شہروں کو آپس میں ملانے کا واحد ذریعہ سڑکیں ہی ہیں۔