ملتان: تحریک انصاف کے کیمپ پر حملے کا مقدمہ درج
ملتان میں گذشتہ رات پاکستان تحریک انصاف کے کیمپ پر حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق ملتان میں تھانہ جلیل آباد کے علاقے ڈبل پھاٹک میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے عام انتخابات کی مہم کے حوالے سے لگائے گئے کیمپ پر حملہ کیا گیا۔ پی ٹی آئی کارکنان کے مطابق حملہ مسلم لیگ(ن)کے رہنما سلیم شاہ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کیا تھا،حملے میں پی ٹی آئی کے یو سی چیئرمین منور قریشی سمیت تین افراد زخمی ہو گئے تھے۔ جنہیں فوری طور پر طب امداد کے لیے نشتر ہسپتا ل منتقل کیا گیا ،تھانہ جلیل آباد کی پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا ۔ پولیس کے مطابق مقدمہ تحریک انصاف کے یوسی چیئرمین منور قریشی کی مدعیت میں درج کیا گیا ۔ مقدمے میں علیم شاہ سمیت 16 ملزمان کو نامزد کیا گیا ۔ جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔دوسری جانب نشتر ہسپتا ل کی انتظامیہ کے مطابق زخمی ہونے والے تمام افراد کی حالت تسلی بخش ہے۔