شاہین ائیر انٹرنیشنل کی سعودی عرب آمد اور روانگی سمیت ڈومیسٹک پروازوں کے لیے خدمات کی فراہمی کو معطل نہیں کیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) نے شاہین ائیر انٹرنیشنل کی سعودی عرب جانے اور آنے والی پروازوں اور ڈومیسٹک پروازوں کے لیے ملک کے تمام ائیر پورٹس پر فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات کی فراہمی کو معطل نہیں کیا ہے۔ ترجمان پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق قبل ازیں ڈیڑھ ارب روپے کے لگ بھگ واجبات کی عدم ادائیگی پر پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 16 جولائی 2018ءسے شاہین ائیر انٹرنیشنل کی سعودی عرب کے سوا تمام انٹرنیشنل فلائٹوں کو فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات کو معطل کردیا تھا۔ واضح رہے کہ ائیر لائن کو اس اقدام سے پہلے ہی تحریری طور پر آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ فضائی مسافروں کو کسی بھی قسم کی زحمت سے بچانے کے لیے میڈیا کے ذریعے مذکورہ معطلی کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کو تا حال شاہین ائیر انٹرنیشنل کا حج فلائٹ شیڈول وصول نہیں ہوا ہے۔