کراچی کے تفریحی پارک میں جھولا مین بولٹ ٹوٹنے اور گراریاں سلپ ہونے سے گرا۔۔۔ رپورٹ تیار
کراچی کے تفریحی پارک میں جھولا گرنے کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی، جھولا گرنے کی وجہ بولٹ ٹوٹنے سے اس کی گراریاں سلپ ہونا بتائی گئی ہے۔ جھولا گرنے کے واقعہ میں ایک لڑکی جاں بحق ہوئی جبکہ سولہ افراد زخمی ہوئے، کرائم سين انوسٹی گيشن ايسٹ کی ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کی۔ گورنر سندھ محمد زبیر نے واقعے کا نوٹس لے کر کمشنر اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کی تھی۔ واقعے کے 10 زخمی جناح، 3 سول اور 2 نجی اسپتال منتقل کیے گئے تھے، حادثے کے بعد صوبے بھر کے پارکوں کے جھولے تین روز کے لیے بند کردیے گئے، اس دوران تکنیکی انسپیکشن کے بعد جھولوں کو کھولا جائے گا۔