پاکستان نے دوسرے ایک روزہ میچ میں بھی زمبابوے کو شکست دیدی
بولاوایو میں کھیلے گئے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز پر مشتمل دوسرے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو زمبابوے کی جانب سے اننگز کا آغاز برا چاری اور چامو چبھابھا نے کیا تاہم دونوں اوپنرز صرف 18 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے، اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد مساکانڈا اور مساکاڈزا نے ٹیم کو سنبھالا اور اسکور آگے بڑھایا۔ مساکاڈزا نے 59 اور مساکانڈا نے 24 رنز بنائے اور آؤٹ ہوگئے۔ جس کے بعد پیٹر مورے نے سکور آگے بڑھایا اور نصف سنچری سکور کی تاہم اس کے علاوہ زمبابوے کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر کھڑا نہ رہ سکا اور پوری ٹیم انچاس اعشاریہ دو اوورز میں ایک سوچورانوے رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کو جیت کیلیے 195 رنز کا ہدف ملا جو قومی ٹیم نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 36 اوور میں ہی پورا کرلیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے فخرزمان اور امام الحق نے 119 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم پہلے میچ کے سنچری بنانے والے امام الحق 44 رنز پر رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد بابر اعظم بیٹنگ کے لیے آئے۔ اس دوران ان فارم فخرزمان نے گراؤںڈ کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیلے اور ون ڈے میں اپنی دوسری سنچری مکمل کی۔ میچ کے اختتام پر فخرزمان 117 اور بابر اعظم 29 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔