پاکستان،امریکہ کیلئے مثبت و تعمیری سوچ ہی آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہے،وزیر خارجہ
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے لئے مثبت اور تعمیری سوچ ہی آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہے۔ جس کا مقصد دو طرفہ تعلقات میں بہتری لانا ہے۔ آج اسلام آباد میں پاکستان ،امریکہ تعلقات کے بارے میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وسیع تر روابط دونوں ملکوں کے درمیان فائدہ مند ہونگے۔ وزیر خارجہ نے اس اعتماد کا اظہار کیاکہ وزیراعظم عمران خان کے امریکہ کے دورے سے دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے اور باہمی اعتماد کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ تعلقات کو پاکستان کی خارجہ پالیسی انتہائی اہمیت حاصل ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کے سیاسی حل کی جانب عالمی برادری کی سوچ مسئلے کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی توثیق ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے بارے میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان ہم آہنگی نے جنگ سے تباہ حال ملک میں امن کے لئے اُمید کی شمع کو دوبارہ روشن کردیا ہے