مذاکرات سے افغان مسئلے کے سیاسی حل کی حمایت جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے،شاہ محمود
تاشقند :-وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، افغانوں کی سربراہی میں ، افغانوں کو قبول، جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے سیاسی حل کی حمایت جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے تاشقندمیں وسطی و جنوبی ایشیا رابطہ کانفرنس کے موقع پرافغان مصالحت کے حوالہ سے متعین امریکی خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد سے ملاقات کی۔ دوران ملاقات افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پرشاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، خطے میں روابط کے فروغ اور اقتصادی ترقی و استحکام کیلئے افغانستان میں قیام امن کو ناگزیر سمجھتا ہے ۔ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ افغانستان، کے مستقبل کا فیصلہ افغانوں نے مل بیٹھ کر خود کرنا ہے۔