دوست ممالک پاکستان پرمہربان، مشکل معاشی صورتحال سے نکلنےکا پروگرام سامنے آگیا
وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے مشکل معاشی صورت حال سے نکلنےکا ریسکیو پروگرام بتاتے ہوئےکہا ہےکہ آنے والے دنوں میں مہنگائی کم ہوگی اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ دوست ملک سے 1.2 ارب ڈالرز کا تیل ڈیفر پیمنٹ پر مل جائےگا، ایک دوست ملک 1.5 ارب ڈالرز کی اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرے گا، ایک دوست ملک ڈیپازٹ دےگا اور ایک گیس پر ڈیفر پیمنٹ دے گا ۔ مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ ساڑھے تین ارب ڈالرز ایشیائی ترقیاتی بینک اور ڈھائی ارب ڈالرز ورلڈ بینک سے ملیں گے، ایشین انفرااسٹرکچر بینک اور اسلامی ترقیاتی بینک سے بھی فنڈنگ بڑھ جائےگی ۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اس سے مہنگائی کم ہوگی اور زرمبادلہ کے ذخائربڑھیں گے، آئی ایم ایف معاہدےکے بعد ڈالرز کے مقابلے میں روپے پر دباؤ کم ہوگا۔