میر واعظ عمر فاروق نے 8 سال کی پابندی کے بعد عید گاہ میں نماز عید کے اجتماع میں خطبہ دیا۔
کشمیری حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے 8 سال کی پابندی کے بعد عید گاہ میں نماز عید کے اجتماع میں خطبہ دیا۔ نماز عید کی امامت کی اور مقدس مہینے رمضان کے برکات اور عبادات کی قبولیت کے لئے اور کشمیر کی آزادی کے لئے دعائے خیر کی۔
میر واعظ عمر فاروق کا کہنا ہے کہ عید کے دن بھی کشمیری بھارتی مظالم سے محفوظ نہیں، عالمی برادری بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔ مقبوضہ کشمیر میں عید کے دن مظاہرین پر بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں کشمیری نوجوان کی شہادت اور کئی افراد کے زخمی ہونے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کا نماز عید کے خطبے میں کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کا بے رحمانہ قتل عام جاری ہے، بھارتی فورسز نے عید کے دن بھی کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔
میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ سیاسی ہے اس کا فوجی حل ممکن نہیں، کشمیر سے کالے قوانین کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واجپائی کی پالیسی اپنا کر بھارتی حکومت کشمیر کے تینوں فریقین سے مذاکرات کرے۔