عیدالفطر رمضان المبارک کے روزے رکھنے کے بعد خالق وارض وسما اللہ عزوجل سے جزا کا دن ہے۔

رحمتوں، برکتوں، سعادتوں اور نیکیوں کا ماہ مقدس رمضان المبارک تمام ہوا۔ خوش قسمت ہیں وہ جنہوں نے اس مبارک مہینہ کی برکتیں سمیٹیں، گناہوں کو بخشوایا، راتوں کو قیام کیا، دن کو روزے رکھے، اللہ سے تعلق کو مضبوط کیا، مساجد کو آباد کیا، صلہ رحمی کو اپنایا قرآن مجید کو پڑھا، سمجھا، اس پر عمل کیا، اپنے آپ کو اللہ کے حضور جھکایا، اپنی زندگیاں، شب وروز، معاملات، معمولات، کاروبارو گھربار کو اسلام کے مطابق ڈھالنے کا عہد کیا۔
جھلسا دینے والی گرمی، بے تاب وبے قرار کر دینے والی بھوک وپیاس کو برداشت کیا اور اللہ کی رضا کیلئے رمضان کے مہینے میں محنت ومشقت کی۔ گرمی کی حدت وشدت میں روزے کی محنت ومشقت اٹھانے والے خوش نصیب ہیں کہ جنہیں اللہ تعالیٰ اپنی رضا ومغفرت اور گناہوں کی بخشش کے اعزاز سے نوازتے ہیں.آج محنت ومزدوری کرنے اور تکلیفیں اٹھانے والوں کیلئے اپنی مزدوری اور محنت کا معاوضہ وصول کرنے کا دن ہے۔