لندن: ہارلے کلینک میں مشتبہ شخص کی کلثوم نواز کے کمرے میں گھسنے کی کوشش

لندن کے ہارلے کلینک میں زیرعلاج بیگم کلثوم نواز کے کمرے میں چھپ کر ایک مشتبہ شخص جس کا نام نوید بتایا جاتا ہے نے داخل ہونے کی کوشش کی تو سیکیورٹی حکام نے اسکو اندر جانے سے روک لیا اور کمرے سے باہر نکال دیا۔
واقعہ اسپتال کی پہلی منزل پر پیش آیا جہاں سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق کلثوم نواز کے کمرے میں داخل ہونے والے شخص کی شناخت نوید کے نام سے ہوئی ہے۔
نوید نے سیکیورٹی کو کارڈ دکھا کر ایسا ظاہر کیا جیسے وہ ہارلے کلینک میں ڈاکٹر ہے۔اس حوالے سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کا کہنا ہے کہ ’فیملی پہلے ہی بہت پریشان ہے اور ایسے لوگ آکر اور پریشان کر رہے ہیں‘۔
حسین نواز نے بتایا کہ یہ شخص سیکیورٹی کو بے وقوف بناکر کلثوم نواز کے کمرے تک پہنچا۔ پولیس کلینک میں گھسنے والے شخص کی شناخت چیک کررہی ہے جبکہ پولیس نے حسین نواز سے بھی بیان لیا ہے۔