قومی دولت لوٹنے والے نصف لٹیرے اور بدعنوان عناصر جیلوں میں ہیں،ڈاکٹر فردوس

اطلاعات ونشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملکی قرضوں کی تحقیقات کے بارے میں مجوزہ انکوائری کمیشن بدعنوانی سے متعلق معلومات کیلئے کسی کو بھی طلب کر سکتا ہے۔ ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر انکوائری کمیشن پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے کسی رکن کو طلب کرتا ہے توا سے بھی پیش ہونا ہوگا۔ بلاول بھٹو اور مریم نواز کی مجوزہ ملاقات کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ انکی نیک خواہشات دونوں نوجوان رہنمائوں کے ساتھ ہیں جن کے والد بدعنوانی کے الزامات پر جیل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور نواز شریف کے خاندان اپنی مرضی کے فیصلوں کے حصول کیلئے اداروں پر دبائو ڈالنے کی کوششیں کررہے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قومی دولت لوٹنے والے نصف لٹیرے اور بدعنوان عناصر جیلوں میں ہیں جبکہ باقی لوٹی گئی دولت بچانے کیلئے ملک سے فرار ہوگئے ہیں۔