حکومت جاتی ہے تو جائے،ن لیگ اور پی پی عوام دشمن بجٹ منظور نہیں ہونے دیں گے، بلاول بھٹو زرداری
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مریم نواز سے ملاقات میں اتفاق ہوا عوام دشمن بجٹ منظور نہیں ہونےدیں گے، ہم عوامی رابطہ مہم جاری رکھیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میںمولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کروں گا،اس کے علاوہ حکومت کے اتحادیوں سے بھی رابطہ کریں گے۔عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر کسی سے بات کرنے کو تیار ہوں، بجٹ کسی صورت پاس نہیں ہونے دیں گے، یہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے، عوام کو مہنگائی کے سونامی سے نجات دلائیں گے۔
بی بی کی سالگرہ پر نواب شاہ میں جلسے سے خطاب کروں گا اور اسی جلسے سے ہی تحریک کا آغاز ہوگا، دل و جان سے کوشش کریں گے عوام دشمن بجٹ پاس نہ ہو۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کٹھ پتلی حکومت کو عوام کے سامنے جواب دہ بنائیں گے، یہ بجٹ پاکستان کے عوام کے لئے معاشی خودکشی کے مترادف ہے، غریب اور محنت کشوں کو تحفظ فراہم کرنا ہم پر فرض ہے۔