ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو3 ارب 40 کروڑ ڈالرز قرض دے گا، کچھ مشکل فیصلے کیے جو وقت کا تقاضا ہیں: مشیر خزانہ حفیظ شیخ
وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 3 ارب 40 کروڑ ڈالرز قرض دے گا۔عبدالحفیظ شیخ سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل ورنر لیپاچ نے ملاقات کی جس میں ملکی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 3 ارب 40 کروڑ ڈالرز قرض دے گا اور یہ رقم بجٹ سپورٹ کی مد میں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کچھ مشکل فیصلے کیے ہیں جو وقت کا تقاضا ہے، اگر ترقی کرنی ہے تو اپنی مصنوعات دوسرے ممالک کو بیچنا ہوگی۔ان کا کہنا ہے کہ جمہوریت ہو یا آمریت برآمدات میں اضافہ نہیں ہوا، کچھ لوگ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں کہ بجٹ آئی ایم ایف کے اشارے پر بنایا گیا، ایسے لوگوں پر یقین نہ کریں۔