سعودی عرب: سورج گرہن کن علاقوں میں دیکھا جا سکے گا

ریاض: جدہ میں فلکیاتی علوم کی سوسائٹی کے سربراہ انجینیئر ماجد ابو زاہرہ نے بتایا ہے کہ 21 جنوری کو ہونے والا سال رواں کا پہلا سورج گرہن سعودی عرب کے کن کن علاقوں میں دیکھا جاسکے گا۔ سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ میں فلکیاتی علوم کی سوسائٹی کے سربراہ انجینیئر ماجد ابو زاہرہ نے کہا ہے کہ سال رواں کا پہلا سورج گرہن اتوار 21 جون کو صبح کے وقت ہوگا، سورج گرہن کو کرہ ارض کے نصف مشرقی حصے میں دیکھا جا سکے گا۔ ماجد ابو زاہرہ کے مطابق گرہن کو سعودی عرب کے جنوب مشرق اور جنوب بعید، یمن اور سلطنت عمان کی ایک تنگ پٹی میں دیکھنا ممکن ہوگا جبکہ عرب دنیا کے بڑے حصے میں بھی جزوی طور پر سورج گرہن کا مشاہدہ کیا جاسکے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سورج گرہن کی شروعات جمہوریہ کانگو کے شمال مشرق میں ایمبگونڈہ شہر کے قریب سعودی عرب کے مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 47 منٹ پر ہوگی، پھر سورج گرہن کا رخ مشرق کی جانب ہوگا۔ گرہن ڈیمو کریٹک کانگو، جنوبی سوڈان، ایتھوپیا اور اریٹیریا سے گزرتے ہوئے جزیرہ نمائے عرب کے جنوب کا رخ کرے گا۔