ہر پاکستانی کی صحت اور معاشی صورتحال خطرے میں ہے، بلاول بھٹو
اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہر پاکستانی کی صحت اور معاشی صورتحال خطرے میں ہے، آج کے جیسے حالات کا صدی میں ایک بار سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے جو بجٹ پیش کیا ہے وہ کسان اور مزدور دوست نہیں ہے، حکومت کا بجٹ کرونا سے نمٹنے کا بجٹ ہے اور نہ ہی کسی چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہے۔ بلاول بھٹو نے سوال کیا کہ کس نے کہا تھا کرونا وائرس زکام ہے، کون لاک ڈاؤن کے خلاف تھا اور وہ آج بھی ہے، کس نے کہا تھا کرونا وائرس پاکستان میں وبائی نہیں ہے؟ اپنی مجرمانہ غفلت کا ملبہ آپ پاکستان کے عوام پر کس طرح ڈال سکتے ہیں؟ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ طبی عملے کے 40 ارکان کرونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں، جب ہمیں پتا تھا ملک میں زیادہ کیسز اور اموات ہونگی توکیا تیاری تھی؟ بجٹ میں کیا ڈاکٹرز اور طبی عملے کو کوئی رسک الاؤنس دیا ہے؟ بجٹ ایسا ہے جیسے کرونا ماضی میں ہے۔