بغیر علامات والے کرونا مریضوں سے متعلق جاپانی تحقیق میں اہم انکشاف
آئچی: جاپانی محققین نے کرونا وائرس کے ان مریضوں سے متعلق نیا انکشاف کر دیا ہے جن میں وائرس کی تصدیق کے بعد بھی علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان کے صوبے آئچی کے شہر ٹویوک میں قائم فوجیتا یونی ورسٹی (Fujita Health University) کے محققین نے دریافت کیا ہے کہ کو وِڈ 19 کے تصدیق شدہ مریضوں میں اگر ابتدا میں علامات ظاہر نہ ہوں تو بعد میں بھی اس کا امکان نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔ محققین نے ریسرچ کے بعد کہا کہ Asymptomatic کرونا مریض (یعنی جن میں علامات ظاہر نہ ہوں) عموماً 9 دنوں میں صحت یاب ہو جاتے ہیں، اور ان کی اکثریت میں علامات آخر تک ظاہر نہیں ہوتیں۔ اس تحقیق کے لیے ٹوکیو کے قریب سمندر میں قرنطینہ کیے گئے بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسز کے 128 مریضوں کا مطالعہ کیا گیا، ان میں سے 90 مریض وہ تھے جن میں پی سی آر (polymerase chain reaction) ٹیسٹ کے ذریعے کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، لیکن ان میں انفیکشن کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں، جمعے کو نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں شایع ہونے والی اس تحقیق میں دیکھا گیا کہ صرف 11 مریضوں کو بعد میں علامات ظاہر ہوئیں۔