’’قومی ٹیم کا دورہ انگلینڈ موجودہ صورتحال میں بڑا چیلنج قرار‘‘
لاہور: قومی ٹیسٹ ٹیم کے اوپنر عابد علی نے دورہ انگلینڈ کو موجودہ صورتحال میں ایک بڑا چیلنج قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیسٹ ٹیم کے اوپنر عابد علی کا کہنا ہے کہ دورہ انگلینڈ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو دیکھ کر تیاری کا موقع ملے گا، کوشش ہوگی کہ پرفارمنس کے تسلسل کو برقرار رکھوں۔ عابد علی نے کہا کہ اس مرتبہ پچز مختلف ہوں گی کوشش کروں گا کہ خود کو ایڈجسٹ کرکے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔ ٹیسٹ اوپنر نے کہا کہ پرفارمنس کی بنیاد پر سینٹرل کنٹریکٹ کی سی سے بی کیٹیگری میں آیا ہوں، کوشش ہوگی کہ مزید بہتر کارکردگی دکھا کر ٹیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کروں۔ عابد علی نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے کرکٹ مختلف ہوگئی ہے، انگلینڈ جلد پہنچ کر تیاری کا موقع ملے گا، انگلینڈ کا دورہ کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔