عرب پارلیمنٹ کی جانب سے یہودی آبادکاروں کے فلیگ مارچ کی مذمت
عرب ممالک کی نمائندہ پارلیمنٹ نے مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی آبادکاروں کے اشتعال انگیز فلیگ مارچ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کے تمام نتائج کی ذمہ داری اسرائیلی ریاست پرعا ئد کی ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عرب پارلیمنٹ کے سپیکر عادل العسومی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کا ریاستی سطح پریہودی آباد کاروں کے فلیگ مارچ کی حمایت صہیونی ریاست کی ریاستی اشتعال انگیزی ہے۔اسرائیل کی طرف سے یہودی آباد کاروں کے اشتعال انگیزمارچ پر اصرار خطے میں پہلے سے جاری کشیدگی کو مزید بھڑکانے کا باعث بنے گی، مسجد اقصیٰ کے گردو پیش میں یہودی آباد کاروں کی پرچم بردار ریلی اس بات کا ثبوت ہے کہ اسرائیل دانستہ طور پر اس طرح کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرکے کشیدگی کو بھڑکانے کی کوشش کررہا ہے۔العسومی نے مزید کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ خطرہ اسرائیل کے انتہا پسند یہودیوں سے القدس کے دینی مقامات کو لاحق ہے۔ یہودی آباد کاروں کا اشتعال انگیز مارچ کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری اور مسلمانوں اور مسیحی برادری کے لیے تشویش کا باعث ہے۔عرب پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ یہودی آباد کاروں کی اشتعال انگیزی اور فلیگ مارچ جیسے مذموم اقدامات خطے میں امن اور جنگ بندی کی کوششوں کو تباہ کرنے اور پورے خطے میں کشیدگی کی آگ کو بھڑکانے کا باعث بنے گی۔