پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 300 تک جائیں گی۔ شبلی فراز

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرشبلی فراز نے پیشگوئی کی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 300 تک جائیں گی۔سینیٹ کے اجلاس کے دوران شبلی فراز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کا بجٹ پیش کیا، اس بجٹ کو کوئی بجٹ کہے تو یہ بجٹ نہیں ۔شبلی فراز نے کہا کہ یہ بجٹ ہمارا بجٹ نہیں آئی ایم ایف کا بجٹ ہے، آپ نے جو بجٹ بنایا ہے یہ کینڈی لینڈ بجٹ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں دو مسائل ہیں ایک توانائی اور دوسرا پینشنز، قیمتیں جو بڑھائی گئیں یہ یہاں پر ختم نہیں ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں لیوی کی مد میں 750 ارب روپے کے ٹیکسز بھی شامل ہیں، ہماری بجلی کی قیمتیں بھی بڑھیں گی، ہم نے بجلی بچانے کیلئے پنکھوں میں نئی ٹیکنالوجی متعارف کرائی، ہم نے ٹیکنالوجی کے ذریعے 4ہزار میگاواٹ بجلی بچائی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بجلی کی طلب 27 ہزار میگاواٹ گرمیوں میں ہوتی ہے، سردیوں میں ہماری طلب 8 سے 9 ہزار میگاواٹ ہو جاتی ہے، آج تک کسی نے نہیں سوچا کہ 17 سے 18 ہزار میگاواٹ کولنگ کیلئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ایسی حکومت چاہتے تھے جوعوام کیلئے کام کرے، 2 ہزار روپے خیرات عوام کی توہین ہے، انہوں نے عوام کے ذہنوں میں ڈال دیاکہ ہم بھکاری ہیں، آئی ایم ایف کوخوش کرنے کیلئے عوام کومصیبت میں ڈالاجارہاہے۔انہوںنے کہا کہ موجودہ دور میں پٹرول تقریباً84 روپے مہنگا ہوگیا، پٹرول کی قیمتیں 300تک جائیں گی۔