کراچی : این اے 240 کے ضمنی انتخاب کے دوران پرتشدد واقعات، ایک شخص جاں بحق، 8 زخمی
کراچی کے علاقے لانڈھی میں حلقہ این اے 240 کے ضمنی انتخاب کے دوران سیاسی جماعتوں کے درمیان پرتشدد واقعات کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نے تصدیق کی کہ جاں بحق ہونے والے شخص سیف الدین کلیم کو لانڈھی کے علاقے سے مردہ حالت میں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر لایا گیا تھا جس کے سر پر گولی لگی تھی۔انہوں نے مزید بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں 18 سالہ ولید قدرت اللہ کے گھٹنے میں گولی لگی تھی، جبکہ 4 دیگر افراد میں محمد ادریس (عمر 30 سال)، خالد چوہان (عمر 42 سال)، سلمان اسلم (عمر 35 سال) اور ذیشان وارث (عمر 34 سال) شامل ہیں جن کے سر اور دیگر حصوں پر چوٹیں آئیں۔پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) نے دعویٰ کیا ہے کہ ضمنی انتخاب کے دوران پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور انتخابی دفتر پر حملہ کیا گیا۔