پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھاتے تو ملک دیوالیہ ہونے کی طرف چلا جاتا: وفاقی وزرا
اسلام آباد: وفاقی وزرا نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھاتے تو ملک دیوالیہ ہونے کی طرف چلا جاتا، ہمیں پانی، بجلی اور گیس کے استعمال میں کفایت شعاری کرنی ہوگی۔یہ بات وفاقی وزرا خواجہ آصف، قمرالزماں کائرہ، مصدق ملک اور اسعد محمود نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ ان کے خلاف سازش ہوئی جس میں ادارے شامل ہیں لیکن وہ اپنی کارکردگی پر بات نہیں کرتے۔خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان ملک کو تباہی کے دہانے پر چھوڑ گئے، ان کے دور حکومت میں ریکارڈ قرضے لیے گئے، آئی ایم ایف معاہدے میں شرائط پی ٹی آئی کی لگائی ہوئی تھیں، مہنگائی اس وقت پوری دنیا کا مسئلہ ہے، مہنگائی سے زیادہ وہ ممالک متاثر ہو رہے ہیں جن کے پاس وسائل کی کمی ہے، روس اور یوکرین تنازع کی وجہ سے مہنگائی بڑھی۔