ملک میں بجلی کا شارٹ فال پانچ ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا جس کے بعد بحران پھر سنگین صورتحال اختیارکرتا جارہا ہے
ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار نو ہزار میگاواٹ جبکہ طلب چودہ ہزارمیگاواٹ کے قریب پہنچ گئی جس کے باعث بجلی کا شارٹ فال پانچ ہزار میگاواٹ پر پہنچ گیا ۔ شہری علاقوں میں آٹھ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں بارہ سے چودہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ پیپکوذرائع کا کہنا ہے کہ دریاوں میں پانی کی کمی اورپی ایس اوکی جانب سے مطلوبہ مقدار میں تیل کی عدم فراہمی کے باعث شارٹ فال میں اضافہ ہوا ہے جس دن تیل کی مقدارزیادہ مل جاتی ہے اس روز شارٹ فال میں کمی ہو جاتی ہے جبکہ گردشی قرضوں کے باعث پی ایس او پیپکو کو مطلوبہ مقدار میں تیل فراہم نہیں کررہا ہے۔ پیپکو کی روزانہ فرنس آئل کی طلب بتیس ہزار میٹرک ٹن ہے جبکہ پی ایس او پیپکو کو تیرہ سے پندرہ ہزار میٹرک ٹن کے درمیان تیل فراہم کر رہا ہے۔