کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز شدید مندی رہی، کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس میں ایک سو چون پوائنٹس کی کمی ہوگئی۔
کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز گرین نمبرز سے ہوا لیکن شروع میں ہی مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی پہلے سیشن میں انڈیکس نے تیرہ ہزار پانچ سو پوائنٹس کی سطح عبور کی لیکن سیشن کے اختتام تک تیرہ ہزار چار سو پوائنٹس کی سطح بھی برقرار نہ رکھ سکا۔ کراچی میں بھتہ خوری کے حوالے سے ایم کیو ایم کے احتجاج اور مسلسل تیزی کے بعد آج پرافٹ ٹیکنگ نے دوسرے سیشن میں مندی کی شدت میں اضافہ کردیا۔ کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس کاروبار کے اختتام پرایک سو چون پوائنٹس کمی کے بعد تیرہ ہزار دو سو ستاون پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی کاروباری حجم بیالیس کروڑ باون شئیرز رہا حجم کے اعتبار سے جہانگیر صدیقی، فوجی سیمنٹ اور کے ای ایس سی کے شئیرز میں نمایاں سودے ہوئے۔ دوسری جانب لاہور سٹاک مارکیٹ میں بھی مندی کا رجحان رہا۔ ایل ایس پچیس انڈیکس سو پوائنٹ کمی کے ساتھ تین ہزار پانچ سوانتالیس پربند ہوا۔ مارکیٹ میں اکانوے کمپنیوں کے ایک کروڑ چونسٹھ لاکھ پینتالیس ہزارچارسو نواسی حصص کا کاروبارہوا۔ اٹھارہ کمپنیوں کے حصص میں اضافہ، اکتالیس کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ بتیس کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔