بھارتی لٹل ماسٹرسچن ٹنڈولکر نے دنیائے کرکٹ میں سنچریوں کی سنچری بناکر ایک اور عالمی رکارڈ بنا ڈالا
بھارتی شہر ممبئی میں چوبیس اپریل انیس سوتہترمیں پیدا ہونے والے سچن ٹنڈولکرنے پندرہ نومبرکوکراچی میں پاکستان کے خلاف اپنے انٹرنیشنل کیریئرکا آغازکیا توکوئی نہیں جانتا تھا کہ یہ چھوٹے قد کا کھلاڑی دنیائے کرکٹ کے بیشتر ریکارڈز اپنے نام کرلے گا سچن کے رنز اگلتے بلے کو دیکھ کر کوئی اسے پاکستانی لٹل ماسٹر حنیف محمد سے تشبیہہ دیتا تو کوئی اسے آسٹریلوی سرڈان بریڈمین کا ہم پلہ قراردیتا رہا تاہم سچن ٹنڈولکر نے دنیائے کرکٹ میں بہت سے اتارچڑھاؤ دیکھے لیکن وہ اپنے بیٹ سے رنزکے انبار لگاتے ہوئے ایک ایک کرکے تمام بڑے ریکارڈز اپنے نام کرتے رہے سچن ٹنڈولکر جنہوں نے اب تک مجموعی طور پر چھ سواکیاون میچز کھیلے جن میں ایک سو اٹھاسی ٹیسٹ چار سو باسٹھ ایک روزہ اور محض ایک ٹی ٹوئنٹی شامل ہے۔اگرٹنڈولکر کی سنچریوں کو دونوں طرزکی کرکٹ میں تقسیم کیا جائے تو سچن نے اکیاون سنچریاں ٹیسٹ میچزمیں اورانچاس سنچریاں ایک روزہ کرکٹ میں بنائی ہیں، مجموعی طور پر سچن ٹنڈولکر نے سب سے زیادہ بیس سنچریاں آسٹریلیا کے خلاف اسکورکیں جبکہ سترہ سنچریاں سری لنکا کے خلاف ، بارہ جنوبی افریقہ کے خلاف ، نوانگلینڈ کے خلاف آٹھ زمبابوے کے خلاف ، سات ویسٹ انڈیز اور سات ہی پاکستان کے خلاف چھ بنگلہ دیش چارکینیااور ایک نمبییا کے خلاف اسکورکی۔ سچن ٹنڈولکرنے مجموعی طورپردنیائے کرکٹ میں تینتیس ہزار آٹھ سو چوون رنز اسکور کیے جن میں ٹیسٹ کرکٹ کے پندرہ ہزار چار سو ستر ون ڈے کرکٹ کے اٹھارہ ہزار تین سو چوہتر اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے دس رنز شامل ہیں۔ بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے میں پہلی اور دنیائے کرکٹ کی سنچریوں کی سنچری اسکور کرنے والے سچن ٹنڈولکر نے اس اننگز کے دوران ایک اور ریکارڈ اس وقت بنایا جب انہوں نے دو ہزارچوکوں کا سنگ میل بھی عبور کرلیا۔ مجموعی طور پر سچن ٹنڈولکر نے تینوں فارمیٹس کی کرکٹ میں دو سو کھلاڑیوں کو بھی آؤٹ کررکھا ہے۔ جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا ایک اننگز میں سب سے زیادہ اسکور دو سو اڑتالیس رنز ہے۔ سچن ٹنڈولکر نے مجموعی طور پر سب سے زیادہ رنز اپنے ہوم گراؤنڈز میں بنائے جن کی تعداد تیرہ ہزار سات سو اکتالیس ہے۔ جبکہ سچن ٹنڈولکر نے اپنی سو سنچریوں میں سب سے زیادہ سنچریاں بھی یعنی بیالیس سنچریاں اپنے ہوم گراؤنڈز میں اسکور کیں۔ سچن ٹنڈولکر کے چوبیس سالہ کیریئر میں ان کیلئے سب سے کامیاب سال انیس سو اٹھانوے رہا جب انہوں نے انتالیس میچز میں دو ہزار پانچ سو اکتالیس رنز اسکور کیے جن میں بارہ سنچریاں بھی شامل ہیں۔ سچن ٹنڈولکر نے مجموعی طور پر اٹھانوے میچز میں انڈیا کی ٹیم کی قیادت بھی کی۔