کارکن ایم کیوایم کی امن پسند ی کے درس کو ہرگز نہ بھولیں:الطاف حسین
ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیوایم میں کسی قسم کا کوئی عسکری ونگ نہیں ہے اور کروڑوں عوام کی اس منتخب نمائندہ جماعت میں اگر چند افرادنے قانون کو ہاتھ میں لیا ہے تو یہ ان کا ذاتی فعل تھا ، پارٹی کی پالیسی کا حصہ ہرگز نہیں تھا۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم عدم تشدد پر یقین رکھتی ہے ،ایم کیوایم جمہوری، لبرل اورپروگریسیو خیالات رکھنے والی ایسی پارٹی ہے جوقومیت ، نسل ، زبان، ثقافت، صوبے ، جنس ،مسلک اور مذہب سے بالاتر ہوکر سب کے ساتھ یکساں سلوک پر یقین رکھتی ہے اور ان سب کے حقوق کے حصول کیلئے آئینی ، قانونی اورپرامن جمہوری جدوجہد کررہی ہے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ انھیں اطلاع ملی ہے کہ کچھ عناصر سوشل میڈیا پر خود کو ایم کیوایم کا ظاہر کرکے پولیس اور رینجرزاہلکاروں سے محاذ آرائی کے پیغامات کا تبادلہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم ، قانون نافذ کرنے والے کسی بھی ادارے سے محاذآرائی نہیں چاہتی بلکہ اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف آئین وقانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن احتجاج اور ایسے جلسہ جلوس کرنے پر یقین رکھتی ہے جن میں تشدد کا زیروفیصد بھی عمل دخل نہ ہو