ونوتو میں سمندری طوفان پام کی تباہ کاریاں جاری، پچاس افراد ہلاک
ونوتو میں سمندری طوفان پام نے پورٹ ولا کے نوے فیصد علاقے کو نقصان پہنچایا ہے۔ طوفان سے پچاس افراد ہلاک، سیکڑوں مکانات تباہ۔ بجلی کی لائنیں اور درخت اکھڑ گئے۔ جبکہ ائیر پورٹس تباہ ہونے سے پروازیں معطل ہوگئیں تقریبا ستائیس ہزار افراد کو بجلی کی سہولت میئسر نہیں ہے۔ملک میں ایمرجنسی کا نفاذ کرتے ہوئے بین الاقوامی امداد کی اپیل کی ہے، دوسری طرف وسطی امریکہ کے ملک کوسٹا ریکا میں تیسرے روز بھی آتش فشاں سے لاوا ابلنے کا سلسلہ جاری ہے۔ قریبی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ اسکولوں کو ایک ہفتے لئے بند کردیا گیا ہے۔جنوبی افریقی ملک انگولا میں بھی سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ سیلاب سے اب تک ستر افراد ہلاک اور سو سے زائد لاپتہ ہیں۔ کئی دیہات اور فصلیں زیر آب آگئی ہیں۔ میکسیکو میں بھی شدید بارشوں کے بعد سیلاب کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔ مقبوضہ جموں کشمیر میں بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں تین افراد چل بسے۔