سعودی عرب: نئی تعمیرات کے لئے فائر الارم لازمی
سعودی محکمہ شہری دفاع کے معاون ڈائریکٹر جنرل برائے حفاظتی امور بریگیڈیئر جنرل عبدالرحمان الحسینی نے کہا ہے کہ نئی تعمیر ہونے والی عمارتوں میں فائر الارم نصب کئے جائیں۔ سعودی اخبار کے مطابق دارالحکومت ریاض میں میڈیا سے گفتگو میں شہری دفاع کے معاون ڈائریکٹر جنرل برائے حفاظتی امور نے بتایا کہ ادارہ کسی ایسی عمارت کو لائسنس جاری نہیں کرے گا جس کے ماسٹر پلان میں فائر الارم سسٹم نہیں دیا گیا ہوگا۔ الحسینی نے مزید کہا کہ گزشتہ رپورٹوں کا جائزہ لے کر یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ گھروں میں زیادہ تر آگ لگنے کا سبب غیر معیاری بجلی کی اشیاءکا استعمال ہے۔ شہری دفاع ، وزار ت تعلیم کے تعاون سے معاشرے میں آگہی فراہم کرنے کیلئے مختلف منصوبے شروع کررہی ہے۔ جس میں ان امور کی نشاندہی کی جائیگی جن پر عمل کرتے ہوئے آتشزدگی سے بچا جاسکتا ہے۔