یورپ میں اسلام فوبیا دکھائی دے رہا ہے، وزیرخارجہ
ملتان: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے بہت کوششیں کی ہیں لیکن امریکا کا قانون آڑے آجاتا ہے جب کہ عافیہ صدیقی حساس معاملہ ہے اس پر خاموشی اختیار کی جائے۔ ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کرائسٹ چرچ نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کا واقعہ قابل مذمت ہے جس میں 49 مسلمانوں کو شہید کیا گیا، دہشت گرد عالمی مسئلہ ہے نیوزی لینڈ میں ایسا واقعہ پہلے کبھی ہوا نہ سنا ہے۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ حکومت نے جاں بحق افراد کی شناخت کرلی ہے، ایک پاکستانی کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے تاہم کرائسٹ چرچ میں 300 پاکستانی رہائش پذیرہیں اور اس وقت 9 کے قریب پاکستانی لاپتہ ہیں جن کے موبائل بھی بند ہیں جب کہ لندن میں بھی اس وقت کچھ پاکستانی لاپتہ ہیں تاہم متاثرہ فیملی سے رجوع کریں گے، ان کی ہرممکن مدد کریں گے۔