سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے حکومت اصلاحات متعارف کرا رہی ہے، عبد الرزاق داؤد
مشیر تجارت عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ نئی تجارتی پالیسی کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ لاہور میں وزارت تجارت کے زیر اہتمام چین ، انڈونیشا اور امریکہ میں تجارتی مواقع کے بارے میں ایک سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نئی تجارتی پالیسی کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے تمام متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے کام کیا جارہا ہے۔ مشیر تجارت نے کہا کہ ملک میں صنعتوں کی ترقی کیلئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیرف پالیسی منظوری کیلئے جلد وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی۔ عبدالرزاق دائود نے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کے حل سے متعلق ان کی تجاویز حاصل کرنے کیلئے پلیٹ فارم فراہم کرنے کیلئے جامع اقدامات کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر تفصیلی غور وخوض کیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں سیکرٹری تجارت چین کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کیلئے کاروباری طبقہ کی حوصلہ افرائی کیلئے اصلاحات متعارف کرا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی توجہ ملک کے کاروباری طبقہ کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا اور انہیں ان کے متعلقہ شعبوں میں مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔