اسرائیلی فوج کی شیلنگ اور فائرنگ،متعدد فلسطینی زخمی
اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطین کے شہر الخلیل میں مسافر یطاکے مقام پر نکالی گئی ریلی پرآنسوگیس کی شیلنگ اور فائرنگ کی گئی،متعدد فلسطینی مظاہرین زخمی ہو گئے ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں مسافر یطا کے مقام پر فلسطینیوں کی پرامن احتجاجی ریلی پر قابض فوج نے آنسوگیس کی شیلنگ، صوتی بموں اور دھاتی گولیوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں کئی مظاہرین زخمی ہوگئے۔ ریلی میں غیرملکی مندوبین، سماجی کارکن، قومی اور سیاسی جماعتوں کے ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔فلسطینیوں کی احتجاجی ریلی سوسیا کے مقام سے شروع ہوئی جس کے بعد اس میں کئی دوسرے مقامات سے بھی ریلیاں شامل ہوتی گئیں۔ مظاہرین نے اسرائیل کی نسل پرستانہ پالیسی، فلسطینیوں کی اراضی غصب کرنے،مکانات مسماری اور قابض فوج کے ظلم وتشدد کے خلاف نعرے لگائے۔