بلو چستان میں کوئلے کی کان میں دھماکہ سے 7 افراد ہلاک
بلوچستان میں کوئلے کی کان میں دھماکہ کے نتیجے میں کم از کم 7 کان کن ہلاک ہوگئے ہیں۔بلوچستان میں کانوں کے چیف معائنہ کار شفقت فیاض نے منگل کے روز بتایا کہ دھماکہ پیر کو دیر گئے گیس کے اخراج کے باعث ہوا، انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے باعث کوئلے کی کان کے بیشتر حصے منہدم ہوگئے اور اندر آگ بھڑک اٹھی۔فیاض نے ایک بیان میں کہا کہ صوبائی حکومت نے واقع کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور ٹھیکیدار اور کوئلے کی کان کے منیجرکے خلاف غفلت برتنے پر مقدمات کے اندراج کے احکامات دئیے ہیں۔فیاض نے بتایا کہ قریبی کوئلے کی کانوں سے امدادی ٹیمیں اور مزدور جائے وقوعہ پر امدادی کارروائی کے لئے پہنچے اور لاشیں برآمد کیں، انہوں نے مزید بتایا کہ امدادی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے۔بلوچستان میں ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں کوئلے کی کان میں یہ دوسرا دھماکہ تھا۔ جمعرات کے روز ماروار میں کوئلے کی کان میں دھماکہ کے نتیجے میں کم از کم 6 کان کن ہلاک ہوگئے تھے۔