عمران خان ریل میں ہو یا جیل میں حکومت سے نہیں سنبھالا جائے گا۔شیخ رشید کا ٹوئٹ

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان ریل میں ہو یا جیل میں حکومت سے نہیں سنبھالا جائے گا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ آئی ایم ایف کی بیل ابھی بھی منڈیر نہیں چڑھی نہ دنیا میں ان کی کوئی لابی ہے، نہ بیرونی فنانسنگ کی یقین دہانی ہے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کو کوئی سنجیدہ نہیں لیتا، پیڑول 5 روپے اور ڈیزل 13 روپے مزید مہنگا کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام الیکٹرونک چینل پر زمان پارک کی کشیدگی پہلی خبر تھی، عمران خان کے 84 مقدمات پر دنیا لعن طعن کررہی ہے، عمران خان ریل میں ہو یا جیل میں حکومت سے نہیں سنبھالا جائے گا۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ عدلیہ مریم نواز کے نشانے پر ہے وہ نہیں جانتی کہ فائنل گول عدلیہ نے ہی کرنا ہے اس کے والد کو عدلیہ لائے گی یا اللہ لائے گا۔شیخ رشید نے کہا کہ ملک افواہوں کی زد میں ہے، دنیا میں ہمارا معاشی بحران سوالیہ نشان بن گیا ہے اور حکومت خواب خرگوش میں سوئی ہوئی ہے۔