حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں ایک بارپھراضافہ کردیا، فی یونٹ ایک روپیہ پچیس پیسے اضافے کے ساتھ اب آٹھ روپے تراسی پیسے کا ہوگیا ہے۔

وزارت پانی و بجلی نے وزارت قانون کے اعتراضات کے پیش نظر براہ راست بجلی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کےمطابق بجلی کی قیمت میں سولہ فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ جس کے مطابق بجلی کی فی یونٹ قیمت آٹھ روپے تراسی پیسے ہوگئی ہے۔ حکومت کو بجلی کی قیمت میں اضافے کی مد میں سات ارب اسی کروڑ روپے اضافی وصول ہوں گے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فوری طورپرہوگا۔ وزارت کے حکام کے مطابق حکومت اب بھی تین روپے آٹھ پیسے فی یونٹ کی سبسڈی دے رہی ہے۔ جبکہ نیپرا نے بجلی کی پیداواری لاگت کا نوٹیفیائڈ ٹیرف گیارہ روپے پچپن پیسے فی یونٹ مقرر کیا ہوا ہے۔