اپوزیشن نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا،انکے پاس وزیر اعظم کی تقریر کا کوئی جواب نہیں تھا،اسلئے اجلاس سے واک آؤٹ کر گئے : حکومتی ارکان
اپوزیشن کے قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ وزیراعظم نے پہلے بھی اپوزیشن کے ہر مطالبے کو تسلیم کیا تھا اور اب بھی ان کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے ایوان میں آ کر جواب دیا ہے، وزیراعظم نے اپنے سچ سے اپوزیشن کے جھوٹ کو ناک آﺅٹ کر دیا،جواب نہ ہونے پر اپوزیشن نے راہ فرار اختیار کیا، وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا کہ میڈیا انکشاف نہ کرتا تو نیازی سروسز لمیٹڈ کا پتہ ہی نہ چلتا،یہ کہانی اب بہت دور تک جائے گی،عمران خان جواب دیں کہ ان کے پاس لاکھوں پاﺅنڈز کہاں سے آئے؟ شوکت خانم ہسپتال کا 70 کروڑ روپیہ بھی آف شور کمپنیوں میں لگا ہوا ہے،آف شور کمپنی کے سب سے بڑے مجرم عمران خان ہیں جنہوں نے اس وقت آف شور کمپنی بنائی جب لوگوں کو اس کے سپیلنگ بھی نہیں آتے تھے، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہر ہ کیا،عمران خان اور خورشید شاہ کو ایوان میں بات کرنی چاہیے تھی،اپوزیشن نے سات سوالات کیے ہم نے اس سے زیادہ جواب دیاہے ،اپوزیشن چار لوگوں کے ہتھے چڑھی ہوئی ہے،ہم ابھی بھی کوشش کریں گے کہ معاملہ افہام وتفہیم سے حل ہو،90 کی دہائی والی سیاست دہرانا نہیں چاہتے