ترکی نے 5180 شامی پناہ گزینوں کو یورپی ممالک میں بھیج دیا۔

ترکی نے ملک میںپناہ گزین 5180 شامیوں کو یورپی ممالک میں بھیج دیا ہے۔ جنوری میں یورپ جانے والے پناہ گزینوں کی تعداد 2992 تھی۔اس کے بعد 4 ماہ میں مزید 2188 افراد کو یورپی یونین کے رکن ممالک بھیجا گیا ہے۔ کچھ عرصہ قبل ترکی نے اعلان کیا تھا کہ اگر یورپی یونین نے ترک شہریوں پر عائد ویزے کی پابندی کو ختم نہ کیا تو ترکی واپسی قبول معاہدے پر عمل درآمد نہیں کرے گا جس سے یورپی ممالک میں سخت بے چینی پیدا ہو گئی تھی۔ جرمنی نے سب سے زیادہ مہاجرین کو پناہ دی ہے۔ جرمنی نے 1784 ،ہالینڈ نے 1112 ،فرانس نے 736 ، فن لینڈ نے 431اور بیلجئیم نے 286 مہاجرین کو قبول کیا ہے۔ ترکی اور یورپی یونین کے مابین ہونے والے معاہدے کی رو سے یورپی یونین نے اپریل 2016 سے لیکر اب تک 1934 غیر قانونی تارکین وطن کو ترکی واپس بھیجا ہے۔ ان میں 498 پاکستانی ،178 شامی ، 80 بنگلہ دیشی ،76 ا فغانی اور 111 الجزائر کے باشندے شامل ہیں۔ اسوقت ترکی میں دو میلین نو لاکھ 99 ہزار شامی پناہ گزین موجود ہیں۔