صادق آباد میں ظالم شوہر نے گھریلو جھگڑے پر طیش میں آکر بیوی پر تیزاب پھینک دیا

صادق آباد میں پیش آنیوالے ہولناک واقعےمیں خاتون سفاک شوہر کے ہاتھوں تیزاب گردی کا شکار ہوگئی۔ ظالم شوہر گھریلو جھگڑے پر اتنا غصے میں آیا کہ بیوی پر تیزاب پھینک دیا۔ تیزاب گردی کا شکار خاتون کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ہسپتال میں خاتون کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق خاتون کے جسم کا اسی فیصد حصہ تیزاب سے جل چکا ہے جسے بچانے کی سرتوڑ کوشش کررہے ہیں۔ دوسری جانب واقعے کے بعد ملزم فرار ہوگیا جو تاحال گرفتار نہیں ہوسکا۔ لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا۔