امریکا کا شامی حکومت پر مخالفین کے قتل عام کا الزام

امریکا نے الزام لگایا ہے کہ شام میں اسد حکومت نے جیلوں میں بند ہزاروں سیاسی مخالفین کو قتل کر کے انکی لاشیں جلا دی ہیں تا کہ اس قتل عام کے ثبوت ختم کیے جا سکیں۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شامی دارالحکومت دمشق سے قریب پون گھنٹے کے مسافت پر واقع ایک فوجی جیل میں روزانہ 50 تک قیدیوں کو پھانسی دی جا رہی ہے۔ مشرق وسطیٰ کے لیے اعلیٰ امریکی سفارت کار سٹوآرٹ جونز نے کہا کہ بعد میں یہ لاشیں ایک باقاعدہ بھٹی میں جلا دی جاتی ہیں تاکہ کوئی شواہد باقی نہ رہیں۔ شامی اپوزیشن تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے ان ہلاکتوں سے متعلق امریکی موقف کی تائید تو کی ہے تاہم اس تنظیم کے پاس لاشیں جلائے جانے سے متعلق کوئی معلومات نہیں ہیں۔