میکسیکو میں بین الاقوامی ایوارڈ یافتہ صحافی کا قتل

میکسیکو کے ایک ایوارڈ یافتہ صحافی خاویئر والدیز کو شمالی صوبے سینالوآ میں قتل کر دیا گیا۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مقتول صحافی ڈرگ مافیا اور منظم جرائم پیشہ گروپوں کے خلاف رپورٹنگ کے لیے مشہور تھے اور اپنی صحافتی خدمات کے باعث کئی اعزاز بھی حاصل کر چکے تھے۔ میکسیکو کو میڈیا کارکنوں کے لیے دنیا کے خطرناک ترین ممالک میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہاں اس سال صرف مارچ کے مہینے کے آغاز سے اب تک 6 صحافی قتل کیے جا چکے ہیں۔ خاویئر والدیز کو ان کے قائم کردہ اشاعتی ادارے کے دفتر کے قریب سر میں گولی مار کر قتل کیا گیا۔ واضح رہے 2011ء میں والدیز کو انٹرنیشنل پریس فریڈم ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔