ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
ملک کے مختلف حصوں میں کہیں بارش تو کہیں شدید گرمی کی لہر جاری ہے بالائی علاقوں میں ابرکرم برسنے سے موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران لاہور،راولپنڈی،اسلام آباد، فیصل آباد،سرگودھا اور ڈی آئی خان میں بادل برسیں گے، جبکہ مالا کنڈ،ہزارہ، پشاور، کوہاٹ،فاٹا،کوئٹہ،ژوب، بنوں، گلگت بلتستان اور کمشیر میں تیز ہواؤں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب میدانی علاقوں میں سورج کا آگ برسانا جاری ہے، دھوپ کی تپش کے باعث کراچی سمیت اندرون سندھ کےعلاقوں میں پارہ بے قابو ہوگیا ہے،شہید بے نظیر آباد میں درجہ حرارت اڑتالیس اور سبی، دادو میں سینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے،موہنجوڈورو،مٹھی اور لاڑکانہ میں درجہ حرارت چھیالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔