دھرنے میں بڑے بڑے کردار تھے،وقت آنے پر بتاؤں گا۔ خیبر پی کے کے عوام نے دیکھ لیا وہاں کیا تبدیلی آئی
احتساب عدالت میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف نے پی ٹی آئی پر تنقید کے خوب نشتر برسائے۔ پی ٹی آئی کے قومی کمیشن بنانے کی تجویزمسترد کرنے کے جواب میں کہا پی ٹی آئی کا کوئی کردار ہے نہ نظریہ یہ پگڑی اچھال پارٹی ہے۔ مخالفین کیلئے گندی زبان استعمال کرنا انکا شیوہ ہے۔ انکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں ووٹ کو عزت دینے کی کوئی بات نہیں۔ یہ ایمپائر کی انگلی کی طرف دیکھنے والے لوگ ہیں۔ خیبر پی کے میں پی ٹی آئی کی کارکردگی کے بارے میں نوازشریف کا کہنا تھا کہ
اچھا ہوا جو خیبر پی کے میں ان کی حکومت تھی۔ وہاں کے عوام نے دیکھ لیا صوبے میں کوئی کام نہیں ہوا۔ دھرنے کے بارے میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دھرنے میں بڑے بڑے کردار تھے۔ وقت آنے پر اس کے بارے میں بھی بتاؤں گا