وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کی عالم اسلام اوراہل وطن کورمضان المبارک کی مبارک
رمضان المبارک کے آغاز پر قوم کے نام پیغام میں وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ماہ صیام رحمتوں اور برکتوں کا ایسا مہینہ ہے جس میں ہم اپنے خالق کی خوشنودی حاصل کرنے کیلیے حلال کاموں سے بھی اجتناب کرتے ہیں۔ رمضان کا مہینہ ذاتی محاسبے کا مہینہ ہے۔ یہ اپنی ذات کے حوالے سے نظرثانی اور اصلاح کا مہینہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ مہینہ خواہشات اور نفس پر قابو پانے کی تربیت کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس کے ذریعے مومنین میں یہ صلاحیت پیدا ہوجاتی ہے کہ وہ صبراور نظم و ضبط کیساتھ زندگی گزار سکیں۔ وزیراعظم کاکہنا ہے کہ انفرادی اور اجتماعی طور پرکامیابی کا دارومدار نظم و ضبط اور درست سمت کے تعین و پیروی پر منحصر ہوتاہے۔ اپنی زندگیوں اور معاشرے میں حقیقی تبدیلی لانے کیلیے ہمیں اپنے طرزِعمل کو اس ضابطہ کارکے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے جس کی ہمیں اسلام نے تعلیم دی ہے۔ اس ماہ مبارک کی برکت سے اللہ تعالیٰ وطن عزیز کو درپیش مسائل کے حل میں ہماری مدد فرمائے۔