کورونا کے باعث ڈومیسٹک پروازوں پر لگنے والی پابندی ختم

کراچی: ملک میں کرونا وبا کے باعث ڈومیسٹک پروازوں پر لگنے والی پابندی ختم کر دی گئی ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق آج سے ملک کے اندر پروازوں پر پابندی ختم ہو گئی ہے، اس سلسلے میں پی آئی اے کی پہلی پرواز آج ایک بجے کراچی سے لاہور کے لیے شام 4 بجے روانہ ہوگی۔ ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق سی اے اے نے کراچی ایئرپورٹ پر ڈومیسٹک پروازوں کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں، ایئرپورٹ ڈومیسٹک لاؤنج میں ایس او پیز سے متعلق آگاہی بینرز بھی نصب کر دیے گئے۔ مسافروں کے درمیان 2 میٹر کا فاصلہ رکھنے کے لیے لاؤنج میں نشانات لگائے گئے ہیں، بینچز پر ایک ساتھ بیٹھنے کی ممانعت کے سائن بھی لگائے گئے، لاؤنج میں داخل ہوتے ہی مسافروں کو ماسک لگانا ہوگا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کے لیے ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔